مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بھارت میں ایرانی سفارت خانے نے اعلان کیا ہے کہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمدباقر قالیباف بعض غیر متوقع حالات کے باعث نئی دہلی میں بریکس کے رکن ممالک کی پارلیمانوں کے سربراہان کے بارہویں اجلاس میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔
ایرانی سفارت خانے نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں واضح کیا کہ قالیباف کی عدم شرکت کے باوجود ایرانی پارلیمانی وفد اجلاس میں شریک ہوگا۔ بیان میں کہا گیا کہ ایران بریکس کے رکن کی حیثیت سے اس گروپ کے اجلاسوں اور سربراہی سطح کی سرگرمیوں میں مؤثر شرکت کے عزم پر قائم ہے۔
سفارت خانے کے مطابق، ایرانی وفد اجلاس کے موقع پر بریکس کے رکن ممالک کے وفود کے ساتھ مذاکرات اور مشاورت جاری رکھے گا، جن کا مقصد دوطرفہ اور کثیرالجہتی تعاون کو فروغ دینا اور بالخصوص پارلیمانی روابط کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت برکس کے رکن ممالک کی پارلیمانوں کے سربراہان کے بارہویں اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے۔ دو روزہ اجلاس 26 اور 27 اکتوبر کو نئی دہلی میں پارلیمان کے احاطے میں واقع سمودھان سدن میں منعقد ہوگا۔
آپ کا تبصرہ